ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / رگھو رام راجن نے مودی حکومت کو ’آئینہ‘ دکھایا: رندیپ سورجے والا

رگھو رام راجن نے مودی حکومت کو ’آئینہ‘ دکھایا: رندیپ سورجے والا

Sun, 11 Nov 2018 19:14:29  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی11نومبر(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) نوٹ بندی اوراشیاء وخدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی وجہ سے گزشتہ سال ملک کی اقتصادی ترقی کی رفتار کم ہونے کے ریزروبینک کے سابق گورنر رگھو رام راجن کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کانگریس نے اتوار کو کہا کہ مسٹر راجن نے مودی حکومت کو ’’آئینہ‘‘ دکھادیا ہے۔آر بی آئی کے سابق گورنر مسٹر رگھو رام راجن نے گزشتہ جمعہ کو برکلے میں واقع کیلی فورنیا یونیورسٹی میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نافذ کرنا گزشتہ سال ہندوستان کی معیشت کی رفتار ر کنے کی دو اہم وجوہات رہی ہیں۔ وہ دوئم بھٹاچاریہ میموریل لیکچر میں’’ہندوستان کے مستقبل‘‘کے موضوع پر لیکچر دے رہے تھے۔

کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سورجے والا نے ٹویٹ کر کے کہا کہ شہرۂ آفاق ماہراقتصادیات اور سابق آر بی آئی گورنر نے (وزیر اعظم نریندر) مودی کے ہاتھوں نوٹ بندی کا سانحہ اور’’گبر سنگھ ٹیکس‘‘(جی ایس ٹی) کے سلسلے میں مودی حکومت کو’’سچائی کا آئینہ‘‘ دکھایا ہے۔انہوں نے مزید لکھاہے کہ(اس بات کے لیے) ہمیں آج شام تک ایک بلاگ کے ذریعے ملک مخالف قرار دیا جائے گا۔مسٹر سورجیوالا نے بلاگ لکھنے والے کے نام کے آگے خالی جگہ چھوڑ دی ہے، لیکن ان کا اشارہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی طرف تھا۔


Share: